پتور،2؍دسمبر (ایس او نیوز) شہر میں منشیات فروشی کے خلاف ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے افسران کی طرف سے کی گئی کارروائی میں چار ملزمین کوگرفتار کرنے کے علاوہ دو موٹرکاریں،6.360 کلو گرام گانجہ،5 موبائل فونس ضبط کرلیے گئے ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار شدگان کے نام محمد ارشد(26سال)، ریاض (27سال)، عبدالقادر جابر (23سال)، عبدالنذیر (37سال) ہیں ۔ یہ لوگ دو ماروتی کاروں میں سوار ہوکر کیرالہ سے پتورکی جانب سفر کررہے تھے۔مصدقہ اطلاع کی بنیاد پرسب انسپکٹر جمبو راج مہاجن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے چھاپہ ماری کی اور ان کاروں کوروک کر تلاشی لی تو 1,25,000 روپے مالیت کا گانجہ ملزمین کے پاس سے بر آمد ہوا۔ملزمین کو گرفتار کرنے کے ساتھ گانجہ سمیت دیگر چیزیں ضبط کرتے ہوئے ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔